اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری انٹری، مشترکہ سرمایہ کاری ٹاسک فورس کی تشکیل اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں تعاون جیسے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔وزارت خارجہ کے مطابق ابوظہبی میں پاکستانـیو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے 12ویں اجلاس کے دوران معاہدے طے پائے اور اس کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے کی۔کمیشن نے تجارت، توانائی، صحت، دفاع، تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے تعلقات کو گہرا کرنے کے لیے بین وزارتی رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ایک اہم اقدام میں، دونوں ممالک نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری داخلے، مشترکہ سرمایہ کاری ٹاسک فورس کے قیام، اور مصنوعی ذہانت میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔کمیشن نے خوراک کی حفاظت، موسمیاتی تبدیلی، ریلوے، صحت عامہ اور لیبر فورس کی ترقی جیسے شعبوں میں مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔اس بات پر باہمی اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا 13 واں اجلاس پاکستان میں منعقد ہوگا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی رفتار کو جاری رکھنا ہے۔












