اسلام آباد (پاکستان نیوز)پاکستان نے امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی حکومت کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنا خوش آئند ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے 18 جولائی 2024 کو مجید بریگیڈ کو کالعدم قرار دیا تھا، بی ایل اے/مجید بریگیڈ متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہی ہے، جعفر ایکسپریس اور خضدار بس حملے بی ایل اے/مجید بریگیڈ کی کارروائیاں تھیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مضبوط حصار ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری سے تعاون جاری رکھے گا۔یاد رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ روز کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کردیا گیا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ 2019 میں کالعدم بی ایل اے کو خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا تھا جبکہ مجید بریگیڈ کا نام بی ایل اے کے عالمی دہشت گرد فہرست میں شامل ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا دہشت گردی کی روک تھام کے لیے عزم برقرار ہے۔اعلامیہ کے مطابق بی ایل اے نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ اور گوادر میں خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی، جبکہ 2025 میں بی ایل اے نے جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ میں 31 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور 300 سے زائد افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔








