پاکستان ائیرلائن خسارے سے منافع تک!!!

0
18
ماجد جرال
ماجد جرال

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) جو کئی برسوں سے مالی خسارے اور منفی خبروں کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہی، اب ایک مثبت تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ خصوصا کینیڈا کے ٹورنٹو اسٹیشن سے موصول ہونے والی معلومات نے یہ ثابت کیا ہے کہ مناسب حکمت عملی، بہتر انتظامی فیصلے اور کمیونٹی کے تعاون کے ذریعے پی آئی اے اپنی ساکھ دوبارہ مضبوط کر رہی ہے۔ ٹورنٹو میں اسٹیشن منیجر علی اصغر زیدی نے حالیہ گفتگو میں بتایا کہ ایک مدت کے بعد پی آئی اے کا ٹورنٹو روٹ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو کر اب منافع بخش روٹس میں شامل ہو گیا ہے۔ یہاں پر پی آئی اے کے اسٹیشن مینیجر علی اصغر زیدی کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں ٹورنٹو اسٹیشن نے دنیا بھر میں موجود پی آئی اے کے تمام اسٹیشنز میں سب سے زیادہ منافع کما کر نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ان کے مطابق یہ بہتری صرف انتظامی اقدامات کا نتیجہ نہیں بلکہ پاکستانی کمیونٹی کے اعتماد اور تعاون کا حصہ بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی تعیناتی سے پہلے پی آئی اے سے ٹورنٹو سے سفر کرنے والوں کی تعداد 42 ہزار 840 تھی، جو اب بڑھ کر 63 ہزار 240 تک پہنچ چکی ہے۔ یہ اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مسافروں نے دوبارہ قومی ایئر لائن پر اعتماد کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں مسلسل رابطہ مہموں کا بھی اہم کردار ہے، جن کے تحت پاکستانی کمیونٹی اور سماجی رہنماں کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کیے گئے۔ اسی وجہ سے بہت سے پاکستانیوں نے دوبارہ فخر کے ساتھ پی آئی اے کو اپنی پہلی ترجیح بنایا ہے۔ علی اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی جہاں بھی جاتے ہیں ملک کے سفیر ہوتے ہیں، اس لیے اپنی ایئر لائن کا ساتھ دینا ملک کی عزت میں اضافہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ غیر ضروری اخراجات کو کم کر کے پی آئی اے کو 11 کروڑ روپے سے زائد کی بچت حاصل ہوئی، جس پر اعلی انتظامیہ نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق بہتر مالی نظم و ضبط نے نہ صرف منافع میں اضافہ کیا بلکہ اسٹیشن کی مجموعی کارکردگی کو بھی بہتر بنایا۔ دوسری جانب، انہوں نے کینیڈا میں پی آئی اے کے کریو ممبران کے غائب ہونے کے واقعات پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اس مسئلے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات کا باعث بننے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ قومی ایئر لائن کی بدنامی کا سلسلہ ختم ہو سکے۔ ٹورنٹو میں پی آئی اے کے اسٹیشن کی مثبت تبدیلیوں میں یہ بھی شامل ہے کہ پہلی بار 14 اگست اور 23 مارچ کے حوالے سے ایئرپورٹ پر خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوا، جہاں کیک کاٹے گئے اور قومی دنوں کا بھرپور انداز میں جشن منایا گیا۔ اس اقدام نے نہ صرف پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر پیدا کی بلکہ غیر ملکیوں کے سامنے بھی پاکستان کا مثبت اور باوقار چہرہ اُجاگر کیا۔ پی آئی اے کی حالیہ پیش رفت سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر اداروں میں دیانت داری، محنت اور درست حکمت عملی کے ساتھ فیصلے کیے جائیں تو وہ دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ علی اصغر زیدی نے امید کا اظہار کیا کہ پی آئی اے اسی جذبے کے ساتھ اپنی خدمات بہتر بناتی رہے گی اور پاکستانی کمیونٹی ہمیشہ کی طرح اسے اپنا قریبی سفیر سمجھ کر اس کا ساتھ دیتی رہے گی۔
٭٭٭

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here