واشنگٹن(پاکستان نیوز) بانی مائیکروسافٹ بل گیٹس نے اے آئی کی پیش قدمی سے خبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے4 سے5 برسوں میں وائٹ کالر نوکریاں شدید دبائو کا شکار ہوں گی۔ عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آئندہ برسوں میں وائٹ کالر نوکریوں سے متعلق مسائل حکومتوں کو آگے بڑھ کر مساوات و انصاف سے نمٹانا ہوں گے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ مصنوعی ذہانت میں علاج، تعلیم و دیگر شعبوں میں بے پناہ بہتری کی گنجائش ہے، تاہم اس تبدیلی کو موثر انداز میں منظم نہ کیا تو افرادی قوت، بھرتی کے نظام اور معاشی انصاف پر اس کے سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال اس کے اثرات محدود ہیں، مگر یہ صورتحال زیادہ دیر نہیں رہے گی۔










