اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستان نے مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایک سال کے دوران سعودی عرب سمیت دیگر ممالک اور اداروں سے مجموعی طور پر 16ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرضہ حاصل کیا ہے۔اقتصادی امور ڈویژن حکام کے مطابق پاکستان کو گزشتہ مالی سال کے دوران غیر ملکی قرضوں کیلئے مقررہ کردہ ہدف سے کم قرضہ موصول ہوا ہے۔ پاکستان کو موصول ہونیوالا بیرونی قرض اور مالی معاونت تقریباً 4 ہزار 517 ارب روپے کے برابر ہے جبکہ غیرملکی قرضوں کا سالانہ ہدف 19.92 ارب ڈالرتھا پاکستان کو سالانہ ہدف سے 3 ارب 72 کروڑ ڈالرکم فنانسنگ ملی ۔سعودی عرب پاکستان کا سب سے بڑا مالی معاون رہا،جس نے 3 ارب ڈالرکے نئے ڈیپازٹس، ایک ارب ڈالرکا قرضہ اور ایک ارب ڈالر کے ادھار تیل کی سہولت فراہم کی اسی دوران نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کی مدمیں 3ارب ڈالرسے زائد،جبکہ عالمی بینکوں سے1.90 ارب ڈالر کاکمرشل قرض بھی حاصل کیاگیا۔عالمی بینک نے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد قرض دیا،ایشیائی ترقیاتی بینک نے1.77ارب ڈالرقرض فراہم کیا،جبکہ چینی بینک نے1.70ارب ڈالرکی قرضے کوری فنانس کیا،ایک سال میں برطانوی بینک نے پاکستان کو 20 کروڑڈالرکمرشل قرض دیا ،آئی ایم ایف نے42کروڑ ڈالر فراہم کئے۔اس کے علاوہ گزشتہ مالی سال میں پاکستان کو 14کروڑ 95لاکھ ڈالر گرانٹ بھی ملی۔










