ان سائیڈر ٹریڈنگ پر پابندی ؛ووٹنگ حقوق محدود کرنے پر اوکاسیو کورٹیز کا سخت بیان

0
4

واشنگٹن (پاکستان نیوز)ایوانِ نمائندگان کی ڈیموکریٹک رکن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز نے خبردار کیا ہے کہ ریپبلکن ارکان ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش کے مطابق قومی سطح پر ووٹنگ کے حقوق پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے ایک خفیہ چال چل رہے ہیں۔ ان کے مطابق ریپبلکنز کی جانب سے ارکانِ کانگریس کے لیے اندرونی معلومات کی بنیاد پر شیئرز کی خرید و فروخت پر پابندی کا ایک نیا مسودہ قانون پیش کیا جا رہا ہے جس کے اندر خاموشی سے سخت ووٹنگ پابندیوں پر مبنی سیو امریکہ ایکٹ کی شقیں شامل کر دی گئی ہیں۔اوکاسیو کورٹیز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ بظاہر یہ قانون سازی شیئرز کی تجارت پر پابندی کا بل دکھائی دیتی ہے لیکن اصل میں یہ بذریعہ ڈاک ووٹنگ کے قومی نظام کو نقصان پہنچانے کی ایک خفیہ کوشش ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کی مکمل مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریپبلکنز واقعی اس مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدہ ہوتے تو وہ اس مسودہ قانون کو الگ سے رائے شماری کے لیے لاتے، لیکن اس میں ووٹنگ پر پابندی کی متنازع شقیں شامل کر کے اس کوشش کو ناکام بنانے کی چال چلی گئی ہے۔ امریکہ میں قانون سازوں کے ذریعے اندرونی معلومات کا فائدہ اٹھا کر مالی فوائد حاصل کرنے کے واقعات کے بعد اس اہم معاملے پر عوامی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ اگرچہ 2012 میں ایک قانون کے ذریعے ارکانِ کانگریس کے لیے اپنی مالیاتی خریدوفرخت کو ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا، تاہم دونوں جماعتوں کے کئی قانون ساز اکثر ان قواعد کی پاسداری نہیں کرتے۔ اوکاسیو کورٹیز کا کہنا ہے کہ ریپبلکنز کا نیا اقدام شفافیت لانے کے بجائے مزید بگاڑ پیدا کر رہا ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here