مایہ ناز اسکالر، متعدد کتب کے مصنف، شاعر ہفت زباں، پروفیسر ڈاکٹر مقصود جعفری کے دولت کدے پر ،،یو ٹیوب چینل ”ڈیپ فلٹر”کی سرپرست، دانشور محترمہ ”نجم السحر صدیقی ”کی سربراہی میں ایک ٹیم نے شاعر آفاقیت و شاعر انقلاب”جوش ملیح آبادی”کے 44 واں یوم وفات کے حوالے سے جو کہ 22 فروری کو ملک بھر میں منایا جائے گا، ایک انٹرویو، پروفیسر ڈاکٹر مقصود جعفری سے ریکارڈ کرنے کا اہتمام کیا، جس میں انہوں نے مجھے بھی شامل کیا، محترمہ نجم السحر نے اس سے قبل جوش صاحب کے یومِ ولادت کے حوالے سے، جو 5 دسمبر 2025 کو منایا گیا، اس موقع پر بھی مجھ سے گفتگو ریکارڈ کی، اور 5 دسمبر کو، حضرتِ جوش کے یومِ ولادت کے دن 5 دسمبر کو نشر کیا ، پروفیسر ڈاکٹر مقصود جعفری نے حضرتِ جوش ملیح آبادی کی شخصیت، شاعری کے ہمہ جہت پہلوں کو نہایت ماہرانہ طور پر، اپنے خیالات کا اظہار کیا، اور اپنی نیازمندی کے تناظر میں بھی روشنی ڈالی _اس گفتگو میں مجھے بھی شامل کیا گیا _ یہ مذکورہ گفتگو جوش صاحب کے یومِ وفات 22 فروری 2026 ڈیپ فلٹر چینل نشر کرے گا!
اس موقع پر میں نے اپنی دونوں تصانیف ‘ جوش…. میرے بابا.، اور جوش ملیح آبادی، ملیح آباد سے اسلام آباد تک، محترمہ نجم السحر صاحبہ، اور ڈاکٹر مقصود جعفری کے صاحبزادے بیرسٹر افضل حسین کو پیش کیں جن کی انگریزی زبان میں کتاب From Kashmir to Palestine اس موضوع پر ایک مستند تصنیف ہے،جوں جوں وقت گزر رہا ہے، جوش صاحب کی فکر و شعور کی آگاہی کی کرنیں پورے کرہ ارض پر پھیل رہی ہیں، ان پر طلبا و طالبات تحقیقی مقالے مرتب کررہے ہیں، ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں حاصل کررہے ہیں، اب یہ موقع ہے کہ جوش صاحب کی فکر و شعور پر مشتمل، جو ان کی پوری ادبی زندگی کا نچوڑ ہے، تقریبا 40 ہزار اشعار پر مشتمل ان کی تصنیف ” حرفِ آخر” کی طباعت بلا تاخیر ہونا چاہئے کہ یہ مسودہ اب ہمارے ماموں زاد بہنوں کی دسترس میں ہے، جو حضرتِ جوش کی وفات کے 44 سال بیت جانے کے باوجود،نا معلوم کن وجوہ کے سبب، التوا کا شکار ہے!
جوش کے افکار کو مانے گی مستقبل کی روح
آج رسوا گر یہ مرد، نا مسلماں ہے تو کیا!!!
٭٭٭












