ریاض(پاکستان نیوز) سعودی حکومت نے عمرہ ویزا کی درخواست دینے والے زائرین کیلئے ایک نئے اور جامع پالیسی فریم ورک کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد مقدس سرزمین آنے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور منظم خدمات فراہم کرنا ہے۔ نئی ضوابط کے تحت عمرہ ویزا حاصل کرنے کے لیے اب ہوٹل کی پیشگی بکنگ اور ٹرانسپورٹ کے واؤچر کے ساتھ ساتھ فی رات 20 سعودی ریال کی مالیت کا خوراک کا واؤچر فراہم کرنا بھی قانونی طور پر فرض کر دیا گیا ہے۔ اس نئے نظام کو نسک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل طور پر کنٹرول اور منظم کیا جائے گا۔ اس نئی پالیسی پر عمل در آمد کا باقاعدہ آغاز 1 ربیع الاول سے مرحلہ وار بنیادوں پر ہوگا، اور ابتدائی طور پر اس ضابطے کا اطلاق پاکستان، ہندوستان، مصر اور بنگلہ دیش سے آنے والے عمرہ زائرین پر کیا جائے گا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سلسلے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تقریباً 10,000 ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کے مراکز کو نسک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ساتھ منسلک کر دیا ہے تاکہ زائرین کو اپنے قیام کے دوران معیاری اور بہترین خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ وزارت نے واضح کیا کہ عمرہ اپریٹنگ کمپنیاں، ہوٹل انتظامیہ، ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والے اور کیٹرنگ سروسز مشترکہ طور پر زائرین کی مملکت آمد سے لے کر ان کی روانگی تک تمام تر خدمات کو شفاف اور بے داغ بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ سال عمرہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کئی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کے ساتھ ان پر بھاری مالی جرمانے عائد کیے گئے تھے۔ اب نئی منظور شدہ تمام کمپنیوں کو ایک ہی ڈیجیٹل سسٹم پر یکجا کر دیا گیا ہے۔









