اسلام آباد:
احتساب عدالت نے آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کردی۔
احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے پارک لین ریفرنس کی سماعت کی۔ آصف علی زرداری وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے اور ان کی حاضری لگائی گئی۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے فرد جرم عائد ہونے سے روکنے کیلئے ایک اور درخواست دیتے ہوئے کہا کہ جب تک کام کی باتیں نہ ہو تب تک فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔
عدالت نے کہا کہ آپ عین اس دن درخواست دائر کر رہے ہیں جب سب چیزیں تیار ہیں اور فرد جرم عائد کرنا ہے۔
فاروق نائیک نے کہا کہ اس کے لیے پڑھنا پڑتا ہے، چیزیں نکالنی پڑتی ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک کے لیے قانون کے مطابق نوٹس دینا ضروری تھا، ہم مہینہ نہیں مانگ رہے، مناسب وقت دیں، آئندہ منگل کو یہ کیس سماعت کے لیے رکھ لیں، میں نے ریسرچ کرنی ہے۔
عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کرتے ہوئے پارک لین ریفرنس کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی۔