اسلام آباد (پاکستان نیوز)پاکستانی روپیہ دنیا کی بہترین کرنسی بن گیا۔ تین ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 4.09 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق یکم جنوری تا 31 مارچ 2021 کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی روپے کی قدر میں سب سے زیادہ 4.09 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں پاکستانی روپیہ دنیا کی بہترین کرنسی بن گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصہ کے دوران مختلف ذرائع سے وصول ہونے والے زرمبادلہ اور ڈالرز کی انتہائی کم بیرون ملک منتقلی کے نتیجہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں نمایاں استحکام ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یکم جنوری تا 31 مارچ 2021 کے دوران پاکستان کی کرنسی کی قدر میں 4.09 فیصد اضافہ کے باعث ڈالر کی قیمت 153.55 روپے تک کم ہوگئی۔ بلوم برگ کے مطابق کرنسی کی قدر میں اضافہ کے حوالہ سے کینیڈا دوسرا ملک ہے اور اسی عرصہ کے دوران کینیڈین ڈالر کی قدر میں 1.09 فیصد اضافہ کے نتیجہ میں 1.25 کینیڈین ڈالر ایک امریکی ڈالر کے مساوی ہوگئے ہیں۔ اسی طرح برطانیہ کے پاﺅنڈ کی قیمت میں امریکی ڈالر کے مقابلہ میں 0.64 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے برطانیہ کی کرنسی میں استحکام کے نتیجہ میں برطانوی پاﺅنڈ تیسرے نمبر پر رہا ہے۔ عارف حبیب لمیٹڈ کے شعبہ تحقیق کے سربراہ طاہر عباس نے اس حوالہ سے توقع ظاہر کی ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستانی روپے کی قدر میں مزید اضافہ ہوگا ا ور امریکی ڈالر کی قیمت 152 تا 155 روپے کے درمیانی رہنے کا امکان ہے۔رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز ( پی آئی بی ایس) میں سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری امریکہ کی جانب سے کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ 21-2020 کے دوران امریکی سرمایہ کاروں نے پی آئی بی ایس میں 115.2 ملین دالر کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ مارچ 2021 کے دوران امریکہ کی جانب سے اس مد میں 23.65 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ پاکستان کے پی آئی بی ایس میں سرمایہ کاری کرنے والا دوسرا بڑا ملک جرمنی رہا ہے جس کے سرمایہ کاروں نے مارچ 2021 کے دوران 77.32 ملین ڈالر جبکہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں 91.9 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ 21-2020 کے دوران فلپائن اور برطانیہ کے سرمایہ کاروں نے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈذ میں بالترتیب 21.45 اور 10.5 ملین دالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی ہے