بیجنگ (پاکستان نیوز) چین میں کرونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ، ابتدائی رپورٹ کے مطابق اب تک 900 ملین سے زائد افراد اس مہلک وائر س کا شکار ہو چکے ہیں، جوکہ مجموعی آبادی کا 60 فیصد سے زائد بتایا جا رہا ہے ، محققین کا کہنا ہے کہ انہوں نے کووڈ 19 کی علامات سے متعلق آن لائن تلاش جیسے عوامل کی بنیاد پر 11 جنوری تک کے مجموعی اعداد و شمار کا تخمینہ لگایا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے 7 دسمبر کو کورونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کے بعد انفیکشن تیزی سے پھیلے اور 13 دن بعد بہت سی جگہوں پر عروج پر پہنچ گئے۔حکام نے 8 جنوری سے انفیکشن کے تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار جاری نہیں کیے ہیں۔چین میں بہت سے لوگ 21 جنوری سے نئے قمری سال کی تعطیلات کے لیے اپنے آبائی شہروں کا رخ کرتے ہیں۔دیہی علاقوں میں انفیکشن کے پھیلاؤ اور ایک نئی ذیلی قسم کے منظر عام پر آنے کے بارے میں خدشات تقویت پا رہے ہیں۔