نیویارک (پاکستان نیوز)ایران پر حملوں کے ایک روز بعد، امریکی سنٹرل کمانڈنے تصدیق کی ہے کہ اتوار کی رات کویتی فضائی دفاعی نظام نے غلطی سے امریکہ کے تین ایفـ15 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شب مقامی وقت کے مطابق 11 بجے کے قریب پیش آیا، جس کے نتیجے میں طیاروں میں موجود تمام چھ اہلکار بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے اور ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ کویتی فوج نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیاروں کے گرنے کے فوری بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور عملے کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے۔ ہفتے کے روز امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف مشترکہ فضائی حملے کیے تھے، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل سمیت قطر اور سعودی عرب جیسے خلیجی ممالک کو نشانہ بنایا۔ اسی دوران صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اطلاع دی کہ ان حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ہلاک ہو چکے ہیں۔ فی الوقت کویت اور امریکہ کے اعلیٰ حکام اس “فنی غلطی” کی مشترکہ تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔








