اسلام آباد (پاکستان نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف قومی اسمبلی سے 174ووٹ حاصل کر کے 23ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ، صدر مملکت عارف علوی نے شہباز شریف سے وزارت اعظمیٰ کے عہدے کا حلف لیا، حلف برداری کی پروقار تقریب پیر کو ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔حلف برداری تقریب میں منصب سے سبکدوش ہونیوالے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ، چاروں صوبائی گورنرز، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق، پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نوازشریف، سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز احمد بگٹی ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹا ف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر’پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو’ نومنتخب اراکین قومی اسمبلی اور غیر ملکی سفارتکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف ، پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ، پی پی پی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری اور دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔ایوان صدر کی تقریب میں نشستیں کم پڑ گئیں اور مہمانوں کیلئے اضافی نشستیں لگانا پڑیں اسکے باوجود بہت سے افراد کو جگہ نہ مل سکی اور کھڑے رہے۔ حلف برداری کے بعد آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات ہوئی انہوں نے مصافحہ کیا اور خیر یت معلوم کی۔ حلف برداری کے بعد شہباز شریف وزیراعظم ہائوس آئے تو افواج پاکستان کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ،اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا، ا وزیر اعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیراعظم آفس کے عملے کا تعارف بھی کروایا گیا۔وزیرِ اعظم ہاوس آمد کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سبکدوش ہونے والے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی ملاقات ہوئی،شہباز شریف نے نگران وزیرِ اعظم کی قیادت میں نگران حکومت کے ملکی ترقی کے تسلسل کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔انہوں نے سبکدوش نگران وزیرِ اعظم کیلئے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا انہوں نے انوار الحق کاکڑ کو الوادع کیا۔