پاکستان کا انڈیا میں جوہری مواد کی چوری اور غیرقانونی فروخت کی تحقیقات کا مطالبہ

0
16

اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستان نے انڈیا میں 10 کروڑ ڈالر مالیت کے خطرناک تابکار مادے کی سمگلنگ میں ملوث ایک گروہ کی گرفتاری پر اپنے پڑوسی ملک میں جوہری مواد کی چوری اور غیرقانونی فروخت کے واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو انڈیا میں جوہری اور دیگر تابکار مواد کی چوری اور غیرقانونی فروخت کے بار بار ہونے والے واقعات کی رپورٹس پر سخت تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان واقعات کی مکمل تحقیقات اور ان کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔ حالیہ واقعے میں ایک گروہ کے پاس غیرقانونی طور پر ایک انتہائی تابکار اور زہریلا مادہ کیلیفورنیم پایا گیا، جس کی مالیت 10 کروڑ ڈالر ہے۔ انڈین میڈیا کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جمعے کو پولیس نے بہار کے مغربی ضلع گوپال گنج میں تین سمگلروں کو نایاب کیلیفورنیم پتھر کے ساتھ گرفتار کیا ہے جو انتہائی تابکار ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت بہت زیادہ ہے۔ کیلیفورنیم ایک کیمیائی عنصر ہے جس کی علامت Cf اور ایٹم نمبر 98 ہے۔ یہ ایک تابکار اور دھاتی عنصر ہے جس کی شکل چاندی جیسی ہے۔ انڈیا میں ماضی میں بھی ایسے واقعات سامنے آئے ہیں۔ سنہ 2021 میں کم از کم تین ایسے واقعات مئی، جون اور اگست میں اس وقت سامنے آئے جب انڈین حکام نے مختلف گروہوں سے یورینئیم اور دوسرا تابکاری مواد اپنے قبضے میں لیا۔ ان گروہوں کے ارکان کو مہاراشٹر، جھارکھنڈ اور کلکتہ میں گرفتار کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here