قومی ہیرو ارشد ندیم کا پاکستان پہنچنے پر والہانہ استقبال

0
16

لاہور(پاکستان نیوز) پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کا لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا، ایئرپورٹ پر ارشد ندیم اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے، شہریوں نے اپنے ہیرو کو کندھوں پر اٹھایا۔ اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کی پرواز ٹی کے 714 ستائیس منٹ تاخیر سے رات ایک بجکر 25 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر لینڈ کی، ارشد ندیم کے طیارے کو ایئرپورٹ پر واٹر کینن سلیوٹ پیش کرکے خوش آمدید کہا گیا۔ ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر احسن اقبال، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ سمیت دیگر سیاسی رہنماوں نے ارشد ندیم کا استقبال کیا۔ ایئرپورٹ اسٹیٹ لانج میں موجود ارشد ندیم کے والد نے اپنے بیٹے کو گلے لگایا اور پھولوں کے ہار پہنائے، سعد رفیق، عظمی بخاری اور دیگر نے بھی ارشد ندیم کو ہار پہنائے۔ ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر مداحوں کا جمِ غفیر موجود ہے، ہزاروں افراد اپنے ہیرو کی جھلک دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔ ارشد ندیم کے آبائی شہر میاں چنوں سے بھی اہل خانہ، عزیز اور مداح بڑی تعداد میں لاہور ایئرپورٹ پہنچے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here