نیویارک (پاکستان نیوز)بیجنگ نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کی سالمیت پر مزید حملے کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔ چینی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کسی بھی خود مختار ملک کو نشانہ بنانا خطے کے امن کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ چین نے عالمی سطح پر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور اسے سفارتی یا سیاسی میدان میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طاقت کا یکطرفہ استعمال عالمی اصولوں کے منافی ہے اور تمام فریقین کو فوری طور پر جارحانہ اقدامات روک کر مذاکرات کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔ چینی حکام نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے نہ صرف عالمی معیشت متاثر ہو رہی ہے بلکہ اس سے تیل کی ترسیل میں بھی شدید رکاوٹیں پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔











