ریاض (پاکستان نیوز) سعودی عرب نے اسلام قبول کرنے والے افراد کی سہولت کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل کارڈ سروس متعارف کرا دی ہے۔سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی جانب سے شروع کی اس نئی سروس کا مقصد ان تمام مرحلوں اور عمل کو کمپیوٹر اور موبائل فون کے ذریعے خودکار اور آسان بنانا ہے جو کسی بھی شخص کے اسلام قبول کرنے کے دوران پیش آتے ہیں۔خلیج ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، اس نئے نظام کے ذریعے اسلام قبول کرنے کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا گیا ہے، تاکہ درخواست جمع کروانے سے لے کر منظوری تک تمام مراحل تیزی اور سہولت کے ساتھ مکمل کیے جا سکیں۔حکام کے مطابق، اس سروس کا مقصد اسلام قبول کرنے والے افراد کو ایک محفوظ، آسان اور قابلِ تصدیق دستاویز فراہم کرنا ہے، جسے سرکاری سطح پر تسلیم کیا جائے گا۔نئے کارڈ کو سعودی عرب کی معروف سرکاری ایپ توکلنا کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ منظوری ملتے ہی یہ کارڈ خودکار طریقے سے صارف کے اکانٹ میں ظاہر ہو جائے گا، جس کے بعد اسے باآسانی دیکھا اور استعمال کیا جا سکے گا۔رپورٹس کے مطابق، کارڈ پر ایک خصوصی کیو آر کوڈ بھی موجود ہوگا، جسے اسکین کر کے کوئی بھی یہ دیکھ سکتا ہے کہ یہ کارڈ بالکل اصلی ہے اور سرکاری ادارے کی طرف سے ہی جاری کیا گیا ہے۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے تعاون سے فراہم کی جا رہی ہے۔











