نیویارک (پاکستان نیوز)نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ کے نساؤ کاؤنٹی میں واقع فری پورٹ کے رہائشی ایک پاکستانی نڑاد امریکی محکمہ جیل خانہ جات کے افسر یعنی کریکشن آفیسر نے مبینہ طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔ اس انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والے واقعے کے بعد مقامی کمیونٹی شدید صدمے اور مینی رنج و غم میں مبتلا ہے۔ ذرائع کے مطابق نوجوان افسر نے گزشتہ روز ذہنی دباؤ یا دیگر نامعلوم وجوہات کی بنا پر یہ انتہائی قدم اٹھایا جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔ متوفی اپنے پیچھے ایک انتہائی ہنستا کھیلتا خاندان چھوڑ گئے ہیں جس میں ان کی اہلیہ اور دو انتہائی معصوم بیٹیاں شامل ہیں۔ ان کی ایک بیٹی کی عمر محض 5 سال جبکہ دوسری چھوٹی بیٹی کی عمر صرف 6 ماہ ہے جو اب اپنے شفیق والد کے سائے سے محروم ہو چکی ہیں۔ اس ناگہانی واقعے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور مقامی پاکستانی برادری سمیت دیگر سماجی حلقوں میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کمیونٹی رہنماؤں اور عزیز و اقارب کی جانب سے مرحوم کی آخری رسومات یعنی نماز جنازہ اور تدفین کے شیڈول کی تفصیلات بھی جاری کر دی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس دکھ کی گھڑی میں شریک ہو سکیں۔ اس کے ساتھ ہی تمام درد دل رکھنے والے افراد سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس کڑے وقت میں یتیم ہونے والی دونوں بچیوں اور سوگوار خاندان کی ہر ممکن اخلاقی اور مالی مدد کریں اور اس پیغام کو آگے شیئر کریں۔











