واشنگٹن (پاکستان نیوز)حالیہ انتخابات کے بعد پیدا ہونیوالی سیاسی صورتحال کے تناظر میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اندرونی اختلافات شدید تر ہو گئے ہیں۔ پارٹی کے نوجوان ووٹرز اور متعدد سرکردہ نمائندوں نے ایوان نمائندگان میں حکیم جیفریز کی بطور سپیکر اور سینیٹ میں چک شومر کی بطور اکثریتی لیڈر ممکنہ نامزدگی پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں بائیں بازو کے نمایاں صحافیوں اور سوشل میڈیا کے مؤثر نمائندوں کی قیادت میں 14 نومبر کو دارالحکومت واشنگٹن میں ایک وسیع احتجاج کی دعوت دی گئی ہے۔ معترضین کا کہنا ہے کہ انتخاب کے بعد دیے گئے بیانوں میں دونوں سینئر رہنماؤں نے ڈیموکریٹک ایجنڈے سے انحراف کیا ہے اور ان پر اسرائیل کے حامی لابی گروہوں سے بھاری عطیات وصول کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ مظاہرین کا مقصد ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی پر یہ دباؤ ڈالنا ہے کہ وہ ارب پتی چندہ دہندگان کی سرپرستی کرنے والے روایتی سیاست دانوں کے بجائے نئے اور غیر جانبدار افراد کا انتخاب کرے۔ سینیٹر برنی سینڈرز نے بھی پارٹی قیادت کو خطوط لکھ کر 2028 کے آنے والے انتخابات کو مضبوط بنانے اور دو دہائیوں کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایوان کے اہم عہدوں کے لیے پرجوش اور نوجوان اراکین کی تعیناتی کی سفارش کی ہے۔ پارٹی میں جاری اس کشمکش کے باعث آئندہ دنوں میں اہم تزویراتی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔











