نیویارک (پاکستان نیوز)ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما حکیم جفریز نے کانگریس کے ارکان کو ایک خصوصی خط ارسال کرکے باضابطہ طور پر اسپیکر کے عہدے کے لیے اپنی امیدواری کا اعلان کردیا ہے۔ وسط مدتی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی کے بعد انہوں نے ساتھی قانون سازوں کو لکھے گئے خط میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نئی کانگریس میں عوامی فلاح و بہبود، معاشی بہتری، احتساب اور روایتی اقدار کی بحالی کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔ حکیم جفریز کا کہنا تھا کہ عام امریکیوں کے لیے زندگی کو سستا بنانا، اشیائے ضرورت اور طبی سہولتوں کی قیمتوں میں کمی لانا اور بدعنوانی کا خاتمہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ ملک کے جمہوری اداروں کے تقدس کو بحال کرنے اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ارکان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ اس خط کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اگلے اسپیکر کے طور پر ایوان کی قیادت سنبھالیں گے۔











