بنگلہ دیش: 105 ہلاکتیں، مظاہرین نے جیل نذر آتش، سینکڑوں قیدی بھگا دیئے

0
49

ڈھاکہ (پاکستان نیوز) بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف طلبہ کے احتجاجی مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 105 ہو گئی ہے ۔ احتجاجی طلبہ نے ضلع نرسنگدی کی سنٹرل جیل پر دھاوا بول کر سینکڑوں قیدیوں کو بھگا دیا جبکہ جیل کو آگ لگا دی، وزیر اعظم نے کرفیو نافذ کرتے ہوئے فوج طلب کر لی جبکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکرترک نے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ پر طاقت کا استعمال پریشان کن اور ناقابل قبول ہے ، طلبہ پر حملوں کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کا احتساب کیا جانا چاہیے ۔ دریں اثنا صباح نیوز کے مطابق بنگلہ دیش میں کوٹہ سٹم کے خلاف طلبہ کی احتجاجی تحریک نے انتہائی خطرناک شکل اختیار کر لی ہے۔ نیوز چینل ، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہو گئی ہے ، پر تشدد مظاہروں میں سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 100 سے زائد پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ بنگلہ دیش بھر میں سرکاری ٹی وی سمیت نیوز چینلز کی نشریات بند ہیں۔ البتہ انٹرٹینمنٹ چینلز کی نشریات دکھائی جا رہی ہیں۔ بدھ کو وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے بنگلہ دیش کے سرکاری ٹی وی کی جس عمارت کے سٹوڈیوز میں بیٹھ کر قوم سے خطاب کیا تھا اسے بھی طلبہ نے آگ لگادی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here