نیویارک (پاکستان نیوز)اسرائیل میں نئی حکومت سازی کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور صدر آئزک ہرزوگ نے اہم سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد سابق آرمی چیف اور ممتاز اپوزیشن رہنما گاڈی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی باضابطہ ذمہ داری سونپ دی ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی ملک میں نیتن یاہو کے طویل سیاسی اقتدار کا خاتمہ ممکن دکھائی دے رہا ہے۔ صدر آئزک ہرزوگ نے اپنے اس فیصلے کے بارے میں یشار پارٹی کے سربراہ گاڈی آئزن کوٹ کے ساتھ ساتھ سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو بھی مطلع کر دیا ہے۔ گاڈی آئزن کوٹ نے صدر کے اس فیصلے کو قبول کرتے ہوئے قوم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس عظیم اور اہم ذمہ داری پر پورا اترنے کی مکمل کوشش کریں گے۔ اسرائیل کے سیاسی منظر نامے میں اس فیصلے کو نہایت اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ گاڈی آئزن کوٹ نیتن یاہو کے مظبوط ترین سیاسی حریفوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں سیاسی اتحاد اور حکومت سازی کے حوالے سے مختلف پارٹیوں کے ساتھ مشاورتی عمل کا سلسلہ جاری تھا جس کے بعد صدر نے یہ فیصلہ کیا۔ نئے نامزد کردہ وزیر اعظم اب آئندہ چند دنوں میں دیگر سیاسی فریقین کو ساتھ ملا کر ایک مضبوط کابینہ اور اتحادی حکومت بنانے پر کام کریں گے، جس سے اسرائیل میں جاری سیاسی عدم استحکام ختم ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔










