نیویارک (پاکستان نیوز)نیویارک میں کونی آئی لینڈ ایونیو ، بروکلین میں آتشزدگی کے دوران 3پاکستانی سٹور مکمل طور پر تبادہ ہوگئے ہیں ، حلال فرائیڈ چکن اینڈ پیزا سٹور ، جیرو کنگ اور باربر شاپ کے ایریا میں اچانک آگ بھڑ ک اٹھی جس نے یکے بعد دیگرے تینوں سٹورز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کاعملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور ایک گھنٹے کی زائد کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، اتوار 7نومبر کی صبح جب آگ لگی تو دو سٹور بند تھے جبکہ جیرو سٹور کھلا تھا ، آتشزدگی سے تینوں کاروباری افراد کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔حلال فرائیڈ چکن اینڈ پیزا اسٹور کے عزیز بٹ نے پاکستان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے شک مالی طور پر ہمیں بہت نقصان پہنچا ہے تمام اسٹور جل کر خاکستر ہو چکے ہیں لیکن اﷲ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔جائیو کنگ کے مالک زکریہ خان نے کہا کہ ہمارے سمیت دیگر دوکانداروں کا بہت نقصان ہوا ہے لیکن جانی نقصان نہ ہونے کی صورت میں ہمیں اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ یاد رہے کہ اس بلاک میں باربر شاپ اور اکاؤنٹنٹ ناصر کے آفس بھی مکمل طور پر تباہی کا نشانہ بنے۔