لاہور (پاکستان نیوز) لاہور میں جرائم کی روک تھام کے لئے اختیار کی گئی موثر حکمت عملی کے مثبت نتائج عالمی سطح پر بھی نمایاں ہونے لگے ، نمبیو کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس 2026 کے مطابق لاہور دنیا کے محفوظ ترین بڑے شہروں میں شامل ہو گیا ہے جبکہ فہرست میں شامل بڑے شہروں کے مقابلے میں لاہور کا کرائم انڈیکس سب سے کم ریکارڈ کیا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق لاہور نے سیفٹی انڈیکس میں کراچی ، نئی دہلی ، پیرس ، لندن ، واشنگٹن ، نیویارک اور میکسیکو سٹی جیسے بڑے شہروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ، مڈ 2025 کے مقابلے میں مڈ 2026 کے دوران لاہور کا کرائم انڈیکس 36.8 سے کم ہو کر 36.2 پر آ گیا جبکہ سیفٹی انڈیکس گزشتہ سال کے 63.2 سے بڑھ کر 63.8 ریکارڈ کیا گیا ۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران کے مطابق کرائم انڈیکس میں مسلسل کمی اور سیفٹی انڈیکس میں اضافہ لاہور پولیس کی موثر حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے ، آپریشنز ونگ کی جدید پولیسنگ ، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور بروقت رسپانس نے لاہور کو محفوظ شہر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ، سیفٹی انڈیکس میں اضافہ شہریوں کے بڑھتے احساسِ تحفظ اور امن و امان پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے ، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور محفوظ لاہور کا خواب ہر حکمت عملی کا محور ہے ، عوام کا بڑھتا اعتماد اور عالمی انڈیکس میں بہتری لاہور پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا عملی اعتراف ہے ۔







