کابل،ریاض (آن لائن) افغانستان میں سکیورٹی فورسز نے طالبان کا چوکی پر حملہ پسپا کر دیا، جھڑپ میں ایک جنگجو ہلاک جبکہ 3زخمی ہو گئے ،دوسری طرف سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کی ایک مسجد میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کا ایک مجرمانہ واقعہ قرار دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ لوگار کے دارالحکومت پل عالم میں طالبان کے ایک گروپ نے سکیورٹی چوکی پر حملہ کر دیا ،فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی جھڑپ کے نتیجے میں ایک طالبان ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ جھڑپ میں کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔دریں اثناعرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ کابل کی ایک مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کے واقعے کے عد ہم افغان حکومت کے ساتھ ہیں اور اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ بیان میں کابل دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یاب کی دعا کی۔سعودی عرب نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور انتہا پسندی کے خلاف کابل کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔