شہباز حکومت کے ساتھ مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رہے گی، امریکہ

0
36

واشنگٹن(پاکستان نیوز) امریکہ نے کہا ہے کہ شہبازحکومت کیساتھ مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھوملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری ہے، امریکہ پاکستان کے ساتھ اتحاد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکہ اور پاکستان کے مفادات کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا وزیراعلی منتخب ہونا پاکستانی سیاست میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، خواتین کو ملک کی سیاسی دھارے میں شامل کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے منتظر ہیں، پاک امریکا ویمن کونسل، سول سوسائٹی، فیصلہ سازی کے دیگر اداروں سے تعاون جاری ہے۔ ادھر ترکیہ کے صدر نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے دوسری مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے، رجب طیب اردوان نے شہباز شریف کی کامیابی پر نیک تمناوں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ترک صدر نے شہبازشریف کی صلاحیتوں پر مکمل اظہاراعتماد کیا، وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ کا عزم ظاہر کیا، رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے بحیثیت وزیراعظم انتخاب پر بہت خوشی ہوئی، پاکستان اور ترکیہ کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گے۔ نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ طیب اردوان کے تہنیتی جذبات کا خیرمقدم کرتا ہوں، انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ، انشا اللہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے ختم کریگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here