لندن (پاکستان نیوز) برطانیہ میں گرفتار ہونیوالے پاکستانی شہری آصف حفیظ کو امریکا اپنی تحویل میں لینے میں کامیاب ہو گیا، آصف حفیظ کو 6 برس قبل اسکاٹ لینڈ یارڈ نے امریکا کی درخواست پر لندن سے گرفتار کیا تھا، اسی کیس میں امریکا میں بھارتی اداکارہ ممتا کلکرنی کے شوہر کو بھی سزا سنائی جا چکی۔ تفصیلات کے مطابق منشیات سمگلنگ کے الزام میں برسوں سے برطانیہ میں قید پاکستانی شہری آصف حفیظ کے حوالے سے غیر معمولی پیش رفت ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکا آصف حفیظ کو اپنی تحویل میں لینے کیلئے کوشاں تھا، تاہم آصف حفیظ نے خود کو امریکا کے حوالے کیے جانے سے روکنے کیلئے بھرپور قانونی جنگ لڑی، تاہم وہ اس میں ناکام رہے۔ جیو نیوز کے مطابق امریکا پاکستانی شہری آصف حفیظ کو برطانیہ سے لے جانے میں کامیاب ہو گیا، جس کے بعد اب ان پر امریکا میں مقدمات چلیں گے۔ امریکا میں آصف حفیظ کے کیس سے منسلک اکاشا برادرز اور بالی ووڈ اداکارہ ممتا کلکرنی کے شوہر وکی گوسوامی کو پہلے ہی سزائیں سنائی جا چکی ہیں، جبکہ آصف حفیظ کیس سے منسلک افراد کو امریکا 2017 کے اوائل میں کینیا سے لے جانے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے آصف حفیظ پر بڑی مقدار میں ہیروئن امریکا بھیجنے اور ڈرگز نیٹ ورک میں ملوث ہونے کا الزام ہے، اسی الزام میں کینیا میں گرفتاریوں کے بعد امریکا کی درخواست پر آصف حفیظ کو 2017 میں برطانیہ میں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد امریکا مسلسل انہیں اپنی تحویل میں لینے کی کوشش کرتا رہا۔ آصف حفیظ ایک سابق کمرشل پائلٹ اور سونے کے کاروبار سے وابستہ ہیں، تاہم امریکا میں آصف حفیظ پر سنگین عائد الزامات ہیں، منشیات سمگلنگ کے حوالے سے انہیں امریکا میں بگ باس، سلطان اور نمبر ون قرار دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ آصف حفیظ نے خود پر لگائے گئے تمام الزامات کو غلط قرار دے کر امریکا بدری سے بچنے کیلیے ہر قانونی راستہ اختیار کیا۔ امریکا بدری سے بچنے کیلئے یورپین کورٹ آف ہیومن رائٹس میں آصف حفیظ کی اپیل گزشتہ ماہ مسترد ہوگئی تھی۔ جس کے بعد آصف حفیظ کے وکلا یورپین کورٹ آف ہیومن رائٹس کے گرینڈ چیمبر میں ریویو کی درخواست دائر کرنے کی تیاری کر رہے تھے، تاہم اس سے پہلے ہی انہیں امریکا کے حوالے کر دیا گیا۔ آصف حفیظ کو امریکا کے حوالے کیے جانے پر ان کے اہل خانہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپین کورٹ آف ہیومن رائٹس میں ابھی امریکا بدری کو روکنے کیلیے 2 اپیلیں باقی تھیں، آصف حفیظ کو جلدی میں امریکا کے حوالے کر کے برطانیہ نے ظلم کیا ہے۔