نیویارک (پاکستان نیوز) مشرقِ وسطیٰ کے آسمان پر نمودار ہونیوالے خونیں چاند (بلڈ مون) نے جہاں سحر انگیز مناظر بکھیرے وہیں خطے کے مختلف ممالک میں شہریوں کے درمیان حیرت اور گہری تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کے بیشتر حصوں میں مکمل چاند گرہن کے دوران چاند کی سرخی مائل رنگت کو واضح طور پر دیکھا گیا، جس نے قدیم روایات اور مذہبی عقائد کے حامل افراد میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔ سعودی عرب، اردن اور عراق جیسے ممالک میں ہزاروں لوگ اس نایاب فلکیاتی منظر کو دیکھنے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے، جبکہ مساجد میں نمازِ کسوف کا اہتمام کیا گیا اور خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ سوشل میڈیا پر اس سرخ چاند کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں، جہاں صارفین کی ایک بڑی تعداد اسے خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور مستقبل میں آنے والی تبدیلیوں سے منسوب کر رہی ہے۔ ماہرینِ فلکیات کا کہنا ہے کہ یہ ایک قدرتی سائنسی عمل ہے جو زمین کے سائے کی وجہ سے پیش آتا ہے، تاہم عوامی سطح پر اسے اب بھی ایک غیر معمولی اور کسی بڑے واقعے کا پیش خیمہ سمجھا جا رہا ہے۔











