ابوظہبی(پاکستان نیوز) خلیجی ممالک میں بھارت کے اندر مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات اور نفرت آمیزروئیے پر انتہا پسند ہندوﺅں کو اپنے مستقبل کی فکر لگ گئی، عرب امارات میں ہندوستانیوں کو مذہبی طور پر توہین آمیز پوسٹوں کے خلاف احتیاط برتنے کا انتباہ دیتے ہوئے امارات میں بھارت کے سفیر نے کہا کہ کسی بھی طرح کا امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا،بھارت اور عرب امارات کسی بھی بنیاد پر عدم تفریق کی اہمیت رکھتے ہیں، امارات میں موجود ہندوستانی شہریوں کو یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیئے۔ پچھلے مہینے چھ ہندوستانی افراد ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں کیونکہ سوشل میڈیا پوسٹوں پر انہیں الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے جس میں انہوں نے بھارت میں مسلم برادری پرکورونا وائرس کے پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا۔18 اپریل کو شارجہ کے بزنس مین اور فلمساز سوہن رائے کو بھی ایسی ایک ویڈیو پر شکایت کے بعد سرعام معافی مانگنی پڑی تھی، ویڈیومیں دکھایا گیا تھا کہ ہندوستان میں وائرس کے پھیلنے کے مسلمان ذمہ دار ہیں۔