ولاپارک کی مسجد میں covid-19 سے متاثرہ افراد کیلئے فوڈ پروگرام، فاﺅنڈیشن کی مرکزی قیادت اور فوڈ کمیٹی نے خصوصی سر انجام دیا
فاﺅنڈیشن عیدین اور آئندہ مہینوں میں بھی ضرورت مندوں کی خدمت جاری رکھے گی، منتظمین، فوڈ پروگرام میں تمام قومیتوں کی ضروریات کا خیال رکھا گیا ہے
شکاگو(پاکستان نیوز) ریاست الی نائے میں کمیونٹی کی دینی، سماجی اور فلاحی خدمات سر انجام دینے والی فعال تنظیم اسلامک فاﺅنڈیشن کی جانب سے اتوار 19 اپریل کو ولاءپارک کی مسجد میں Covid-19 کے متاثرہ افراد و خاندانوں کو بنیادی غذائی اشیاءکی تقسیم کا اہتمام انتہائی منظم طور پر کیا گیا۔ فوڈ پروگرام کی اس تقریب کا انتظام برادر عبدالیعقوب، برادر ارشد جاوید اور سسٹر شہلا چودھری پر مشتمل فوڈ ڈسٹری بیوشن کمیٹی نے کیا تھا جبکہ فاﺅنڈیشن کے چیئرمین برادر آفتاب خان، نائب چیئرمین ڈاکٹر یوسف چودھری اور کمیونیکیشن چیئرپرسن شیخ کلیم نے سرپرستی کا فریضہ ادا کیا۔ غذائی اجناس و دیگر اشیائے ضرورت کی تقسیم کیلئے 30 والنٹیئرز پر مشتمل ٹیموں نے پاکستانی، بھارتی، مڈل ایسٹرن اور امریکن کمیونٹیز کیلئے برادر صادق کے سپرویژن میں مختلف پیکٹس تیار کئے تھے جن میں ایک ماہ کیلئے ایک خاندان کی ضرورت خصوصاً رمضان کے حوالے سے تمام اہم و بنیادی غذائی اشیاءو اجناس شامل تھیں۔ فوڈ اور گروسری پر مشتمل یہ پیکٹس 300 خاندانوں میں تمام احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھتے ہوئے نہایت منظم طور پر تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر اسلامک فاﺅنڈیشن کے عہدیداران نے نمائندہ پاکستان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر شکر ادا کیا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں اللہ تعالیٰ نے انہیں کمیونٹی سے تعاون اور خدمت کا موقع دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اپنے متمول و مخیر سرپرستوں اور احباب کے تعاون سے احکام ربانی کے تحت اپنے پڑوس کیلئے نیکی کا فریضہ ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ عیدین اور آئندہ مہینوں کے حوالے سے فوڈ پروگرام کا سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔