بغداد(پاکستان نیوز) عراق کی ملکہ حسن سارہ عیدان ان دنوں عراق کے عوامی، سیاسی اور ابلاغی حلقوں میں سخت تنقید کی زد میں ہیں، ان پر تنقید کی لہر حال ہی میں ان کی طرف سے اسرائیل کی پر جوش حمایت اور فلسطینی تنظیم حماس کی شدید مذمت کے بعد سامنے آئی ۔ سارہ کے مخالفین اور ناقدین نے انکی عراقی شہریت منسوخ کرنے اور ملک سے نکال باہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔عر ب ٹی وی کے مطابق سارہ عیدان نے سنہ 2017ءکی ایک تصویر دوبارہ پوسٹ کی تھی جس میں اس نے اسرائیل کی حمایت کی تھی۔ اس نے اس ٹویٹ کے بعد لکھا کہ دو ہفتے قبل عراقی حکومت نے اقوام متحدہ میں میرے بیان کے بعد میری زبان بند کرنے کی کوشش شروع کی ہے ، جیسا کہ مجھے اظہار رائے کا کوئی حق نہیں، اب یہ لوگ میری شہریت کے درپے ہیں، یہ ایک غیر انسانی اقدام ہوگا اور میں اب کھل کر بات بھی نہیں کرسکتی ،عراقی حکومت مجھے تحفظ دینے کے بجائے مجھے قتل کی دھمکیاں دینے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ میرا جرم صرف یہ ہے کہ ذرائع ابلاغ میں میری تصویر اسرائیل کی ملکہ حسن کے ساتھ شائع ہوئی تھی۔