لندن(پاکستان نیوز) برطانیہ نے پاکستان اور ترکی سمیت آٹھ ممالک کو سفری پابندیوں سے متعلق ریڈلسٹ سے نکال دیا ہے۔ برطانیہ نے جمعے کو اپنی ٹریول لسٹ اپ ڈیٹ کی ہے جس کے بعد پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ‘مجھے تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔’ ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘مجھے علم ہے کہ پچھلے پانچ ماہ کتنے مشکل تھا بہت سارے لوگوں کے لیے جو پاکستان اور برطانوی کے درمیان قربت پر انحصار کرتے ہیں۔’ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ آپسی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ برطانوی ٹرانسپورٹ سکریٹری گرانٹ شیپس نے کہا کہ ’22 ستمبر کو شام چار بجے سے پاکستان، ترکی اور مالدیپ سمیت 8 ممالک اور خطوں کو ریڈ لسٹ سے نکالا جا رہا ہے۔’ انہوں نے مزید کہا کہ ‘مسافروں کو سہولت کی فراہمی کے لیے سفر کرنے والوں کے لیے ٹیسٹنگ کے عمل کو آسان بنایا جائے گا۔’ برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق ریڈ لسٹ سے نکلنے والے ممالک میں پاکستان کے علاوہ ترکی، مصر، مالدیپ، سری لنکا، عمان، بنگلا دیش اور کینیا بھی شامل ہیں۔