ڈھاکا(پاکستان نیوز) لاپتہ بنگلا دیشی اداکارہ رائمہ اسلام شمو کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بنگلا دیشی اداکارہ کی بوری بند لاش ڈھاکا کے علاقے کیرانی گنج میں ایک پل کے قریب پائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح چند مقامی افراد نے انہیں علی پور پل کے قریب لاش ملنے کی اطلاع دی۔ لاش کو بہت بری طرح قتل کیا گیا تھا کیونکہ لاش پر زخموں کے بہت زیادہ نشانات تھے۔ لاش ملنے کے بعد پولیس نے اداکارہ کے شوہر شخاوت علی نوبل اور اس کے ڈرائیور کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔ شخاوت نے اپنی بیوی کی گمشدگی کی رپورٹ کالا بگن پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی۔ کچھ گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد اداکارہ رائمہ کیشوہر نے اپنی بیوی کے قتل کا اعتراف کرلیا۔ تاہم ابھی تک قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اداکارہ کا شوہر 3 روزہ ریمانڈ پر ہے۔ دوسری جانب پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور رپورٹس آنے کا انتظار کررہی ہے۔ واضح رہے کہ اداکارہ رائمہ اسلام شمو بنگلا دیشی فلم اور ٹی وی کی کافی مشہور اداکارہ تھیں۔ انہوں نے 1998 میں فلم برتامان سے ڈیبیو کیا تھا اور اس وقت سے اداکارہ25 فلموں اور متعدد ٹی وی شوز میں کام کرچکی تھیں۔