واشنگٹن(پاکستان نیوز) خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکی کانگریس اور سینٹ کے اراکین پر حملے ہو سکتے ہیں کیونکہ کچھ شر پسند عناصر خوف و ہراس پیدا کرنے کے لئے ایسی خطرناک کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔ امریکی قانون سازوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی سپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر پر ان کے سان فرانسسکو کے گھر میں پرتشدد حملے کے بعد سامنے آئی ہے۔ مبینہ طور پر مجوم ڈیوڈ پیپ سپیکر کو تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہوئے گھر میں داخل ہوا جواس وقت واشنگٹن ڈی سی میں تھی۔ مختلف ریاستوں میں سیاستدانوں کے خلاف خطرات میں اضافہ اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بڑھتی ہوئی بے چینی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی، فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن، یو ایس کیپیٹل پولیس اور نیشنل کائونٹر ٹیررازم سینٹر کی جانب سے ایک انٹیلی جنس بلیٹن جاری کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔ جس میں بتایا گیا کہ کس طرح انتہا پسندوں کی جانب سے سیاستدانوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔