سپرنٹنڈنٹ جیل نے کہا: آپ کس قسم کے آدمی ہیں کہ بڑے خوش بیٹھے نظر آرہے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں بالکل آرام سے ہوں۔اس پر میں نے انہیں سمجھایا: بھائی، جب زندگی ایک خاص مقصد کے حصول کے لیے گزاری جاتی ہے تو پھر یہ گرمی سردی یا جیل کی کوٹھڑی جیسی منزلیں بالکل ثانوی حیثیت اختیار کر لیتی ہیں۔ میں نے یہ راستہ خوب سوچ سمجھ کر اختیار کیا ہے۔ برتر از اندیشہ سود و زیاں ہے زندگی، کے مصداق ذاتی آرام اور تکلیف سے میں بے نیاز ہو چکا ہوں۔ سپرنٹنڈنٹ صاحب پھر کہنے لگے: آخر آپ اپنے آٹھ بچوں کو کس بات کی سزا دے رہے ہیں، ان کے بارے میں بھی تو کچھ سوچیے۔ میں نے جواب دیا: بچوں کو تو میں اللہ تعالیٰ کے سپرد کر آیا ہوں۔
اب وہ جانے اور بچے جانیں، ان کی طرف سے میں بالکل فکر مند نہیں ہوں۔کارساز ما بفکر کار مافکر ما در کار ما آزار ما ( ہمارا کارساز دن رات ہمارے کام بنانے میں لگا ہوا ہے جب ہم اپنی فکر خود کرتے ہیں تو یہ ہماری جان کا آزار ہوتا ہے)یہ سن کر سپرنٹنڈنٹ صاحب مایوس ہو کر چلے گئے۔ معافی نامے پر دستخط کرانے کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔ پھر ابا جان (مولانا مودودی) نے بتایا: جب میں تفہیم القرآن لکھنے میں مصروف ہوتا تھا یا جب میں نماز پڑھ رہا ہوتا تھا تو مجھے محسوس ہوتا کہ وہ مشقتی ٹکٹکی لگائے مجھے دیکھتا رہتا ہے۔ کچھ عرصے بعد بقرعید آ گئی۔ اتفاق سے جو راشن جیل سے دیا جاتا تھا وہ ختم ہوچکا تھا اور مزید راشن ابھی پہنچا نہیں تھا کہ عید کی چھٹیاں شروع ہو گئیں۔ یہاں تک کہ عید کی صبح کو راشن بالکل ختم ہو چکا تھا۔ وہ سخت پریشان تھا کہ راشن پہنچا نہیں، اب آپ کو ناشتہ کیسے دوں؟ میں نے اس سے کہا: رات کو جو چنے کی دال اور روٹی بچی تھی وہی گرم کر کے لے آو۔ وہ کہنے لگا وہ تو میں آپ کو کبھی نہیں دوں گا۔ بھلا عید کے دن بھی کوئی رات کی باسی دال روٹی کھاتا ہے؟ میں نے اسے سمجھایا: بھائی، میری فکر نہ کرو، میں بڑی خوشی سے دال روٹی کھا لوں گا (چونکہ ابا جان صبح آٹھ بجے ناشتہ کرنے کے عادی تھے اور اپنے معمولات میں وقت کے سخت پابند تھے اس لئے انہوں نے آرام سے دال روٹی کا ناشتہ کر لیا۔ یہاں پر دادی اماں کی تربیت رنگ لا رہی تھی جو انہیں کبھی سونے کا نوالہ کھلاتی تھیں اور کبھی چٹنی روٹی) جس وقت میں ناشتہ کر رہا تھا تو کسی کے سسکیاں بھر کر رونے کی آواز آئی، پیچھے مڑ کر دیکھا تو وہی مشقتی بیٹھا رو رہا تھا۔ پوچھا: کیا بال بچے یاد آرہے ہیں؟ کہنے لگا میں تو آپ کو دال روٹی کھاتے دیکھ کر رو رہا ہوں، میں سوچ رہا ہوں کہ عید کے دن رات کی باسی دال روٹی تو ہم غریبوں نے بھی کبھی نہیں کھائی، آپ تو بڑے آدمی ہیں آپ نے کہاں کھائی ہوگی؟میں نے اسے شفقت سے سمجھایا: دیکھو بھائی ، میں نے یہ راستہ سوچ سمجھ کر اختیار کیا ہے اور میں بڑی خوشی سے اس راہ پر چل رہا ہوں۔ اگر کبھی بالکل بھوکا بھی رہنا پڑا تو ان شااللہ آرام سے رہ لوں گا۔ میری وجہ سے رنجیدہ نہ ہوا کرو۔اباجان نے مزید بتایا: میں تو ناشتہ کر کے تفہیم القرآن لکھنے بیٹھ گیا لیکن اس بیچارے مشقتی نے احتجاجا ناشتہ نہ کیا (اگرچہ اس کے لئے دال روٹی بچی ہوئی رکھی تھی ) اتنے میں کوارٹر کا دروازہ زور زور سے کھٹکھٹایا گیا۔ مشقتی نے دروازہ کھولا تو ایک سنتری کئی ناشتے دان، بڑے بڑے پیکٹ اور گٹھڑیاں اٹھائے کھڑا کہہ رہا تھا: مولانا صاحب آپ کے چاہنے والے تو فجر کے وقت ہی یہ چیزیں لے آئے تھے اور جیل کے دروازے پر کھڑے تھے لیکن سپرنٹنڈنٹ صاحب کا دفتر عید کے بعد کھلا۔ اس کے بعد ان چیزوں کی تلاشی اور جانچ پڑتال ہوئی اس لئے دیر لگ گئی۔ اب قیدی ملازم نے وہ پیکٹ، ناشتے دان اور گٹھڑیاں کھولیں تو ان میں انواع و اقسام کی نعمتیں تھیں۔ میں نے اپنے جیل کے مشقتی ساتھی سے کہا: دیکھو، یہ سب تمہارے لئے آیا ہے ،کیوں کہ تم ہی اداسی میں بھوکے بیٹھے رو رہے تھے، اب خوب جی بھر کر کھائو اور باقی چیزیں دوسرے قیدیوں میں بانٹ آئو۔ آخر یہ پراٹھے، شامی کباب، حلوہ پوری، شیرخورمہ اور مٹھائیاں ان کو بھی تو اچھی لگیں گی۔میں یہ کہہ رہا تھا، مگر میرا مشقتی ساتھی کف افسوس مل رہا تھا: کاش وہ دال روٹی میں نے آپ کو دینے کی بجائے کوئوں کو کھلا دی ہوتی۔ میرے بہت کہنے پر اس نے ناشتہ کیا اور باقی ساری چیزیں دوسرے قیدیوں میں بانٹ آیا اور ساتھ ہی ساتھ ان سے کہتا: میرے میاں جی کے لیے یہ سب چیزیں آئی تھیں انہوں نے تمہیں بھجوائی ہیں! عید کے روز دوپہر ہوئی تو اسی طرح دروازہ کھٹکھٹایا گیا اور پھر اسی طرح ناشتے دان اور ہانڈیاں کپڑے میں بندھی ہوئی آگئیں۔
ایسے ایسے کھانے آئے کہ مشقتی ساتھی تو حیران رہ گیا۔ اس نے مجھے کھانا کھلایا اور باقی قیدیوں میں بانٹ آیا۔ رات کو پھر اتنا ہی کھانا آ گیا۔ غرض یہ کہ عید کے تین دن ہمارے رفقا نے جیل میں اتنا زیادہ اور ایسی ایسی انواع و اقسام کا کھانا پہنچایا کہ سارے جیل والے عش عش کر اٹھے۔ ادھر ابا جان ہمیں یہ تفصیلات بتا رہے تھے، ادھر اماں جان ہمیں متوجہ کرتے ہوئے کہہ رہی تھیں: دیکھو ، سورہ مریم میں یہی بات کہی گئی ہے: جو اہل ایمان نیک اعمال کرتے ہیں، رحمان ان کے لئے لوگوں کے دلوں میں محبت ڈال دیتا ہے۔
وہ اسی طرح زندگی کے واقعات کو آیات اور احادیث کے ساتھ منطبق کر کے ہمیں ان کا مطلب سمجھایا کرتی تھیں۔ آج بھی اماں جان کے الفاظ کانوں میں گونجتے ہیں۔تم عمل تو کر کے دیکھو، پھر آیتیں اور حدیثیں خود اٹھ کر تم کو اپنا مطلب سمجھائیں گی۔آج بھی چند نوجوانان اپنی عید جیل کے اندھیروں میں گزار رہے ہیں، ان کے لیے مولانا مودوی رح کا کردار مشعل راہ بن کر انکی رہنمائی کر رہا ہے۔
٭٭٭