نیویارک(پاکستان نیوز) سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والا 23 واں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ حسین حقانی نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروپس کی جانب سے سیکیورٹی تھریٹس اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے اسلام آباد میں غیر ملکی رہنماوں کی موجودگی میں احتجاج کی کال کے سبب اسلام آباد میں لاک ڈاون کی صورتِ حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس چین اور پاکستان کے لیے بہت معنی رکھتا ہے، پاکستان جنوبی ایشیا میں چین کا انتہائی اہم شراکت دار ہے۔ حسین حقانی نے مزید کہا کہ چین نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی ہے، چین پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے اس لیے پاکستان بھی چین کو اپنی سلامتی اور معاشی بحالی کے لیے بڑے ضامن کے طور پر دیکھتا ہے۔