ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کا اسرائیل پر حملے کا حکم، امریکی میڈیا کا دعوی

0
7

تہران(پاکستان نیوز) امریکی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر حملے کی تیاری کا حکم دے دیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعوی کیا ہے کہ کارروائی کا حکم اسرائیلی حملوں میں نقصانات کی بریفنگ کے بعد دیا گیا۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس حکام کے مطابق ایران اسرائیل پر ایک اور حملے کی تیاری کررہا ہے ۔ایک اور رپورٹ کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس اطلاعات سامنے آئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ 5 نومبر کو امریکی انتخابات سے پہلے ایران، عراقی ملیشیا کے ذریعے ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملے کی تیاری کررہا ہے ۔ایک بیان میں آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر نے کہا ہے کہ اسرائیل کو ایران پر حملوں کا ایسا درد ناک جواب دیا جائے گا کہ اسے پچھتانا پڑے گا، اسے نہ تو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جانا چاہئے اور نہ ہی کم سمجھا جانا چاہئے ۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعوی کیا ہے کہ ایران پر حالیہ حملوں کے بعد ایران میں کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانا ممکن ہے ۔ دریں اثنا اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے نئے فوجی افسروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ایران میں کہیں بھی پہنچ سکتے ہیں، حالیہ حملوں کے بعد اسرائیل کو حملوں کی بے مثال آزادی حاصل ہوگئی ہے ۔نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کی فوج اور سیکورٹی شاخوں کو جو حتمی ہدف دیا گیا ہے وہ ایران کو ہرقیمت پر جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے ،اسرائیل اپنے دفاع کے لئے ہرممکن اقدام کرے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here