اسلام آباد (پاکستان نیوز)امریکا کے سنئر سیاستدان اور امریکی کانگریس کے رکن جو ولسن کی جانب سے ایک مرتبہ پھر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں جو ولسن نے لکھا کہ “عمران خان کو رہا کرو”۔جو ولسن اس سے قبل بھی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر چکے۔ امریکی کانگریس کے رکن جو ولسن نے حال ہی میں وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے بعد بھی عمران خان کی رہائی کا ٹوئٹ کیا تھا۔23 جنوری کو وزیر داخلہ محسن نقوی کی امریکا میں ہونے والی حالیہ ملاقاتوں کے بعد دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے کچھ امریکی اراکین کانگریس سے ملاقاتیں کی گئی ہیں، جن میں امریکی کانگریس مین جو ولسن بھی شامل ہے۔ اس ملاقات کے بعد جو ولسن نے بانی تحریک انصاف کو رہا کرنے کا ٹوئٹ کر دیا۔ اس حوالے سے جنوبی ایشیا سے متعلق ماہر اور معروف غیر ملکی صحافی مائیکل کوگلمین کی جانب سے ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے بعد امریکی رکن کانگریس جو ولسن کی جانب سے عمران خان کی رہائی کیلئے کیا گیا ٹوئٹ یقینی طور پر محسن نقوی اور ان کے بڑوں کیلئے بڑی ناکامی ہے۔واضح رہے کہ امریکی رکن کانگریس جو ولسن کا عمران خان کے حق میں کیا گیا ٹوئٹ اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان میں موجود امریکی سرمایہ کاری وفد کے سربراہ جینٹری بیچ نے بدھ کے روز اسلام آباد میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھی رچرڈ گرینیل کے عمران خان کے حق میں کیے گئے ٹوئٹس سے متعلق بتایا کہ رچرڈ گرینیل ایک زبردست امریکن ہیں۔