ایران مظاہرے 78 شہروں تک پھیل گئے، 35 افراد ہلاک، 1200 گرفتار

0
93

تہران ( نیوز) ایران میں جاری احتجاجی مظاہرے 26 صوبوں کے 78 شہروں تک پھیل گئے ہیں جہاں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کی جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہو گئی۔انسانی حقوق پر نظر رکھنے والے خبر رساں ادارے ایچ آر اے این اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فائرنگ کے واقعات میں 50 سے زائد مظاہرین زخمی ہوئے جبکہ ایرانی سکیورٹی فورسز نے 1200 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق جامعات کے طلبہ بھی احتجاجی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لے رہے ہیں۔ایچ آر اے این اے کا کہنا تھا کہ مظاہروں کو کم کرنے کے لیے پولیس اور سکیورٹی فورسز نے فائرنگ، آنسو گیس کا استعمال اور بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیں ،نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی نے پیر کی شب رپورٹ کیا کہ مظاہروں کے دوران تقریبا 250 پولیس اہلکار اور رضاکار بسیج فورس کے 45 ارکان زخمی ہوئے ہیں۔ احتجاج کا بنیادی سبب بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی مشکلات کو بتایا جا رہا ہے، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قلیباف نے کہا ہے احتجاج کرنے والوں کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جانا چاہیے، دریں اثناہلاکتوں میں اضافے کے ساتھ امریکی مداخلت کے امکانات بھی زیر بحث آ گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر تہران نے پرامن مظاہرین کو پرتشدد طریقے سے قتل کیا تو امریکا ان کی مدد کو آئے گا، دریں اثنا ایرانی عدالتی سربراہ غلام حسین محسنی نے کہا ہے امریکا اور اسرائیل فسادات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں۔ غلام حسین محسنی نے واضح کیا تمام تر صورتحال کے باوجود وہ قانون کے مطابق چلیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here