ٹوکیو (پاکستان نیوز) جاپان کی ایک کمپنی نے ایک خاص قسم کا ڈرون تیار کیا ہے جو نہ صرف آسمانی بجلی کو اپنی طرف کھینچ سکتا ہے بلکہ اسے زمین تک محفوظ طریقے سے پہنچا بھی سکتا ہے۔ غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق این ٹی ٹی کا تیار کردہ ڈرون ایک خاص لائٹننگ پروٹیکشن کیج یعنی بجلی سے محفوظ ڈھانچے سے لیس ہوتا ہے۔ یہ ڈرون بادلوں کے قریب اڑتا ہے جہاں آسمانی بجلی کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ جب بجلی گرنے والی ہو، تو یہ ڈرون اسے اپنی طرف کھینچ لیتا ہے اور خاص تاروں کے ذریعے زمین تک لے آتا ہے۔ اس طرح، بجلی انسانوں، عمارتوں یا مشینری کو نقصان پہنچانے کی بجائے محفوظ طریقے سے زمین میں جذب ہو جاتی ہے۔ این ٹی ٹی صرف بجلی کے حملے سے بچا تک محدود نہیں رہی، بلکہ وہ اس توانائی کو جمع کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔ کمپنی کا ہدف ہے کہ آسمانی بجلی سے حاصل ہونے والی توانائی کوکمپریسڈ ایئر یعنی دبا والی ہوا اور دوسرے جدید طریقوں سے ذخیرہ کیا جا سکے تاکہ بعد میں اسے بجلی یا دوسرے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ یہ نئی ایجاد خاص طور پر ان اداروں کے لیے مفید ہو سکتی ہے جو ٹیلی کمیونیکیشن(یعنی موبائل نیٹ ورک) ، بجلی کی فراہمی یا اہم حکومتی نظام چلاتے ہیں۔ جب ان کا انفراسٹرکچر (یعنی نظام یا عمارتیں ) بجلی سے محفوظ رہیں گی، تو نقصان کم ہوگا اور سروسز بہتر چلتی رہیں گی۔این ٹی ٹی کے خیال میں وہ مستقبل میں آسمانی بجلی کو زمین تک پہنچنے سے مکمل طور پر روک سکے گی ۔