اسلام آباد (پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ رجیم چینج کی سازش اب بھی جاری ہے، اب سازش کی جارہی ہے کہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو فوج سے لڑوادیا جائے۔ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب ممبئی حملہ ہوا تو آصف زرداری نے بیان دیا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو بھارت بھجوایا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ میری حکومت گرانے پر اسرائیل اور بھارت میں خوشی منائی گئی، بھارت میں کہا جاتا تھا کہ عمران خان اور فوج ایک ہی پیج پر ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہمارے سوشل میڈیا کے جوانوں نے ڈس انفولیب کو بے نقاب کیا، ڈس انفولیب پاکستان کے خلاف سازش کر رہی تھی، ڈس انفولیب مجھے اور فوج کو ٹارگیٹ کر رہی تھی۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی پاک فوج کے خلاف ہے، اگر آپ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو فوج کے خلاف کھڑا کر دیں تو اس سے زیادہ خطر ناک بات کوئی نہیں ہوسکتی۔عمران خان نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں وفاق کی علامت پی ٹی آئی ہے، سب سے بڑا ووٹ بینک پی ٹی آئی کا ہے، ہمارے خلاف پھر سازش کی جارہی ہے، انہوں نے مہم چلائی ہوئی ہے کہ کسی طرح سے ہماری اور فوج کی لڑائی ہوجائے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ان لوگوں کے مفادات ملک سے باہر ہیں، یہ لوگ آج ہمیں کہہ رے ہیں کہ ہم غدار ہیں۔