اسلام آباد (پاکستان نیوز) آبادی کے لحاظ سے پاکستان برازیل کی جگہ اب پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے، برازیل اب چھٹے نمبر پر ہے۔پاکستان کو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا سب سے بڑا ملک سمجھا جاتا تھا لیکن اب یہ حقیقت بدل چکی ہے۔ پاکستان کی آبادی میں اضافہ اتنا تیز رفتار ہے کہ جنوبی ایشیا کی یہ ریاست اب دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکی ہے۔ جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق آج گیارہ جولائی کو منائے جانے والے عالمی یوم آبادی کے حوالے سے یہ بات بہت کم پاکستانیوں کو معلوم ہو گی کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران ان کے ملک کی آبادی ناقابل یقین حد تک تیز رفتار اضافے سے تقریباً چھ گنا ہو چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے پاپولیشن ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق قیام پاکستان کے تین سال بعد 1950 کے وسط میں پاکستان کی مجموعی آبادی پونے چار کروڑ سے کچھ ہی زیادہ تھی۔ اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان میں سالانہ شرح پیدائش 2.8 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔ اس وقت دنیا میں صرف چار ممالک ایسے ہیں جن کی آبادی پاکستان سے زیادہ ہے۔ پہلے سے چوتھے نمبر تک کے یہ چار ممالک چین، بھارت، امریکا اور انڈونیشیا ہیں۔عالمی آبادی پر نگاہ رکھنے والی ایک غیر سرکاری بین الاقوامی ویب سائٹ کنٹری میٹرز ڈاٹ انفو کے ڈیٹا بیس کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برس 60 لاکھ 50 ہزار زندہ بچے پیدا ہوئے۔ یہ تعداد تقریباً ساڑھے سولہ ہزار روزانہ یا تقریباً سات سو فی گھنٹہ بنتی ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ 2019 میں پاکستان میں اوسطاً ہر ایک منٹ میں 11 زندہ بچے پیدا ہوئے، یعنی تقریباً ہر پانچ سیکنڈ بعد ملکی آبادی میں ایک شہری کا اضافہ ہوا۔