کراچی:
گلوکار و اداکار علی ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ میں مرکزی کردار کے لیے مایہ علی کے بجائے ہانیہ عامر ان کی پہلی ترجیح تھیں۔
علی ظفر نے یوٹیوب کے ایک شو میں شرکت کی جہاں اُن سے مختلف سوالات پوچھے گئے۔ ایک سوال کے جواب میں علی ظفر نے انکشاف کیا کہ جب فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کے لیے مایہ کا انتخاب کیا جا رہا تھا تب ہانیہ عامر بھی مضبوط امیدوار اور پہلی ترجیح تھیں حتیٰ کہ ہانیہ کا انتخاب تقریباً ہو گیا تھا لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر اُن کی جگہ مایہ علی کو کاسٹ کیا گیا۔
شو کے میزبان کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ فلم ’ طیفا ان ٹربل ‘ کے سیکوئل میں کون سی اداکارہ اب مرکزی کردار ادا کریں گی کیوں کہ مایہ علی کو شہریار منور لے کر چلے گئے ہیں جس پر علی ظفر نے منفرد انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی اداکار کے لیے کسی بھی اداکارہ کو واپس لانا بھی ایک فن ہوتا ہے۔
گلوکار نے یہ بھی کہا کہ فلم کے سیکوئل میں مرکزی اداکارہ کا نام راز ہے کیوں کہ وہ کوئی بھی ہوسکتا ہے اور نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک سے بھی ہوسکتا ہے۔
یاد رہے کہ احسن رحیم کی ہدایت کاری میں بننے والی ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور فلم ’طیفا ان ٹربل‘ گزشتہ سال جولائی میں پاکستان سمیت 24 ممالک میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ بہترین اداکاری اور عمدہ کہانی کی بدولت یہ فلم باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب رہی تھی۔