بھارت میں چین کیلئے جاسوسی کے الزام میں صحافی سمیت تین گرفتار

0
168

نئی دہلی(پاکستان نیوز) بھارت کے دارالحکومت دہلی میں پولیس نے ایک مقامی صحافی کو ’حساس معلومات‘ چین کے انٹیلی جنس افسران کے حوالے کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنیچر کو دہلی پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ 61 سالہ راجیو شرما فری لانس جرنلسٹ ہیں اور رواں ہفتے کے آغاز میں ان کی گرفتاری کے وقت ان کی رہائش گاہ سے افسران نے انڈیا کے محکمہ دفاع سے متعلقہ کچھ خفیہ دستاویزات بھی قبضے میں لیں۔ بیان کے مطابق صحافی کے ہمراہ ایک چینی خاتون اور اس کے نیپالی پارٹنر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو مبینہ طور پر راجیو شرما کو چینی انٹیلی جنس کو معلومات کی فراہمی پر ’بھاری رقم‘ دے رہے تھے۔ روئٹرز کے مطابق چین کے دفتر خارجہ نے اس حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فوری طور پر کوئی جواب دینے سے انکار کیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق تینوں گرفتار افراد یا ان کے وکیل سے موقف معلوم کرنے کے لیے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔ دہلی کے ڈپٹی کمشنر نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ’تفتیش کے دوران راجیو شرما نے انکشاف کیا کہ وہ خفیہ اور حساس معلومات کے حصول اور ان کو چینی ہینڈلرز تک پہنچانے میں ملوث ہیں۔‘ یہ گرفتاری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چین اور انڈیا کے درمیان ہمالیہ کے خطے میں کشیدگی عروج پر ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات رواں سال جون کے مہینے میں ایک سرحدی جھڑپ کے بعد خراب ہوئے جس میں انڈیا کے مطابق اس کے 20 فوجی مارے گئے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here