واشنگٹن(پاکستان نیوز) نیویارک میں سکھوں پر حملہ کرنے کے جرم میں 2 افراد کو گرفتار کیا ہے، ملزمان میں سے ایک کی عمر 19 سال ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق نیویارک پولیس نے شہر میں سکھوں پر دو الگ الگ حملوں کے سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کا کہنا تھاکہ ایک 19 سالہ شخص ورنون ڈگلس کو ایک 70 سالہ شخص پر مبینہ طور پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ۔حملے کی تفتیش نیویارک پولیس کی کرائم ٹاسک فورس نے کی تھی اور ڈگلس پر مبینہ طور سے ہیٹ کرائم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ۔پولیس نے اسی رچمنڈ ہل کے علاقے میں دو سکھ افراد پر حملے کے فورا بعد 20 سالہ ہجکیاہ کولمین کو گرفتار کیا ، کولمین اور ایک دیگر شخص نے دونوں افراد کی پگڑی اتاری، حملہ کیا اور انہیں لوٹ لیا۔دوسرا حملہ ایک احتجاجی مظاہرے کے دو دن بعد ہوا۔ نیویارک کے کئی لیڈرز نے سکھوں پر مبینہ حملوں کی مذمت کی ہے۔