پاکستان کے کرنٹ اکانٹ خسارے میں کمی

0
305

کراچی(پاکستان نیوز) پاکستان کا کرنٹ اکانٹ خسارہ جولائی میں کم ہو کرایک ارب 20 کروڑ ڈالر ہوگیا جو جون میں 2 ارب 20 کروڑ ڈالر تھا، یہ ماہانہ خسارے میں 45.45 فیصد کمی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری بیان میں کرنٹ اکانٹ خسارے میں کمی کی وجہ توانائی کی درآمدات میں نمایاں کمی اور دیگر اشیا کی درآمدات کی جاری معتدل رفتار کو قرار دیا گیا ہے۔ مرکزی بینک کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کم تر کرنٹ اکانٹ خسارہ حالیہ مہینوں میں شرح نمو کو معتدل رکھنے اور درآمدات کو محدود رکھنے کے لیے وسیع پیمانے پر کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ کیے گئے ان اقدامات میں سخت مانیٹری پالیسی، مالی استحکام اور کچھ عبوری انتظامی اقدامات شامل ہیں۔ مالیاتی ڈیٹا اور تجزیاتی ویب پورٹل میٹس گلوبل کی رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکانٹ خسارے میں سالانہ 42 فیصد اضافہ ہوا، اس سال ایک ارب 10 کروڑ ڈالر خسارے کے مقابلے میں جولائی 2021 میں 85 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا خسارہ رپورٹ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب خدمات کی فراہمی میں اب بھی تجارتی توازن منفی ہے، اعداد و شمار کے جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ خدمات میں تجارتی توازن جولائی میں 26 کروڑ ڈالر رہا جو جون میں 68 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھا۔ میٹس گلوبل کی رپورٹ کے مطابق سالانہ تجارتی خسارہ 9 فیصد کم ہوا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here