نئی دہلی (پاکستان نیوز)بھارت کے ایک موقر جریدے نے اپنی ہی خفیہ ایجنسی را کے حوالے سے ایک انتہائی سنگین اور تہلکہ خیز انکشاف کیا ہے، جس کے مطابق اس ادارے کے اہلکار نہ صرف بیرون ملک قتل کی وارداتوں میں ملوث ہیں بلکہ منظم طریقے سے ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ بھی کر رہے ہیں۔ اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد عالمی سطح پر بھارت کے خفیہ نیٹ ورک کی مشکوک سرگرمیوں پر نئے سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ را کے ایک کلیدی افسر وکاس یادیو نے بھارتی ریاست منی پور کے راستے منشیات اور جدید اسلحہ کی اسمگلنگ کے لیے باقاعدہ سہولت کاری کی پیشکش کی تھی۔ شواہد کے مطابق اس افسر نے ریاست کے دارالحکومت امپھال کے ہوائی اڈے سے منشیات لے جانے والے طیارے کو بغیر کسی رکاوٹ کے خصوصی اجازت دلوانے اور اسمگلروں کو اے کے 56 رائفلیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ یہ تمام غیر قانونی سرگرمیاں اعلیٰ سطح پر سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال کے ذریعے انجام دی جا رہی تھیں۔ رپورٹ میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی جانب سے ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد سے ملزم وکاس یادیو بھارت میں روپوش ہے۔ اس انکشاف نے بھارتی خفیہ ایجنسی کے اصل چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے اور خطے میں اس کے غیر قانونی اور تخریبی عزائم پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔





