پاکستانی نژاد عاصمہ ملک ٹورنٹو سٹی کونسل کی پہلی باحجاب خاتون اسپیکر منتخب

0
30

ٹورنٹو(پاکستان نیوز) کینیڈا کی سیاست کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ ہو گیا ہے جہاں پاکستانی نژاد کینیڈین کونسلر عاصمہ ملک کو ٹورنٹو سٹی کونسل کی نئی اسپیکر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ہی وہ اس باوقار عہدے پر فائز ہونیوالی پہلی پاکستانی نژاد اور حجاب پہننے والی خاتون کونسلر بن گئی ہیں۔ چار سالہ مدت کے پہلے اجلاس میں اسپیکر کے عہدے کے لیے عاصمہ ملک واحد امیدوار تھیں جنہیں متفقہ طور پر اس منصب کے لیے چنا گیا۔ انہوں نے سابق اسپیکر فرانسس ننزیاتا کی جگہ لی ہے جو گزشتہ 16 برس سے اس عہدے پر فائز تھیں۔ واضح رہے کہ عاصمہ ملک اکتوبر 2026 کے بلدیاتی انتخابات میں اپنے حلقے وارڈ 10 سے تقریباً 22,000 ووٹ حاصل کر کے بھاری اکثریت سے دوبارہ کونسلر منتخب ہوئی تھیں، جبکہ اس سے قبل وہ اگست 2023 سے ٹورنٹو کی ڈپٹی میئر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی تھیں۔ اپنے انتخاب کے بعد کونسل سے خطاب کرتے ہوئے عاصمہ ملک نے کہا کہ 16 برس بعد کونسل کی پہلی نئی اسپیکر منتخب ہونا ان کے لیے ایک بڑی ذمہ داری ہے جسے وہ پوری دیانت داری سے نبھائیں گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ کونسل کی کارروائی کو منصفانہ، مؤثر اور جمہوری اصولوں کے مطابق چلائیں گی تاکہ ٹورنٹو کے تمام شہریوں کے مسائل حل کیے جا سکیں۔ ان کے اس تاریخی انتخاب پر کینیڈا بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here