واشنگٹن(پاکستان نیوز) معروف امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں مسلمانوں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور 2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن سکتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ عالمی آبادی کے تناسب میں یہ تاریخی تبدیلی آنے والے چند برسوں میں واضح طور پر سامنے آئے گی، جس کے نتیجے میں مسیحی برادری دنیا کے سب سے بڑے مذہبی گروہ کی حیثیت کھو دے گی۔ ماہرین عمرانیات کا کہنا ہے کہ مسلم آبادی میں اس غیر معمولی اضافے کی بنیادی وجوہات میں مسلمانوں میں نسبتاً زیادہ شرح پیدائش اور نوجوان آبادی کا بڑا تناسب شامل ہے۔ دنیا کے دیگر مذاہب کے مقابلے میں مسلم آبادی کی اوسط عمر کم ہے، جس کے باعث آنے والی دہائیوں میں ان کی نسل میں مزید اضافے کے قوی امکانات موجود ہیں۔ دوسری جانب یورپ اور شمالی امریکا سمیت کئی خطوں میں مسیحی آبادی کی شرح نمو سست روی کا شکار ہے اور وہاں بزرگ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ آئندہ چند برسوں میں پاکستان انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ اسی طرح براعظم افریقہ میں مسیحیت کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث جمہوریہ کانگو کے امریکا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے زیادہ عیسائی آبادی والا ملک بننے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق آبادیاتی تبدیلیوں کا یہ رجحان عالمی سماجی اور ثقافتی منظرنامے پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔





