نئی دلی (پاکستان نیوز) بھارتی فوج نے انکشاف کیا ہے کہ 2001 سے ہر سال تقریباً 140 فوجی اہلکار خودکشی کرتے ہیں جن کی فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا نہیں کی جاتی ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کے ترجمان نے4سال کی مدت کے لیے فوج میں بھرتی ہونے والے اگنی ویر (فوجی اہلکار) جس نے گزشتہ ہفتے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں خود کو گولی مارکر خودکشی کر لی تھی کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین نہ کئے جانے پر تنقید کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اگنی ویر امرت پال سنگھ نے ڈیوٹی کے دوران خود کو گولی مار کر خودکشی کی اور فوجی اعزاز کے ساتھ اس کی آخری رسومات ادا نہیں کی گئی تھیں کیونکہ خودکشی کرنے والے فوجیوں کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین نہیں کی جاتی ہے۔ترجمان نے چار سال کی مدت کیلئے اگنی ویر کے طورپر بھرتی ہونیوالے فوجیوں کو سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین نہ کئے جانے پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ فوج اپنے اہلکاروں میں اس بنیاد پر فرق نہیں کرتی کہ آیا وہ اگنی پتھ اسکیم کے نفاذ سے پہلے یا بعد میں فورس میں شامل ہوئے تھے۔فوج کے نگروٹا ہیڈکوارٹر وائٹ نائٹ کور نے کہا ہے کہ امرت پال سنگھ نے راجوری سیکٹر میں ڈیوٹی کے دوران خود کو گولی مار کر شدید زخمی کر لیاتھا جو بعد ازاں ہلاک ہو گیا تھا ۔ فوجی ترجمان کے مطابق اعداد و شمار کے مطابق 2001سے اب تک ہر سال 100سے140 بھارتی فوجی خودکشی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔